امیگرنٹس مخالفین اور حامیوں کے درمیان ہونے والے مظاہروں میں غصہ اور شدت نمایاں طور پر نظر آتا ہے
نیوز ڈیسک نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
لندن:اسٹارمر حکومت ایک عدالتی حکم کے اثرات سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے تحت لندن کے مضافات میں واقع ایک ہوٹل کو اس میں مقیم پناہ گزینوں کو نکالنے پر مجبور کیا جائے گا۔
اس عدالتی فیصلے نے حکومت کے لیے نئی مشکل کھڑی کردی ہے، جو پہلے ہی غیر قانونی ہجرت کو روکنے اور پناہ کے متلاشی افراد کو رہائش دینے کی اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں مشکلات کا شکار ہے۔
امیگرنٹس برطانیہ میں ایک سیاسی تنازع بن گیا ہے کیونکہ مغربی ممالک ان لوگوں کے سیلاب سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں جو جنگ زدہ خطوں، غربت، ماحولیاتی تبدیلی یا سیاسی جبر سے بچنے کے لیے بہتر زندگی کی تلاش میں ہیں۔
برطانیہ میں بحث خاص طور پر ان تارکین وطن پر مرکوز ہے جو انسانی اسمگلروں کی غیر قانونی سرگرمیوں کے نتیجے میں حد سے زیادہ بھری کشتیوں میں انگلش چینل عبور کرتے ہیں۔ ہزاروں پناہ گزینوں کو سرکاری خرچ پر رہائش دینے کا بڑھتا ہوا تناؤ بھی موضوع بحث ہے۔
اس بحران سے نمٹنے کے لیے، اسٹارمر حکومت نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہ پناہ کی اپیلوں پر فیصلے کی رفتار تیز کرے گی، جس سے مزید ملک بدری ہو سکتی ہے اور زیر التوا کیسز کم ہوں گے۔