2012 سے میں نے 6 مرتبہ ورلڈ چمپئین شپ اور 5 مرتبہ ایشین چمپئین شپ جیتی لیکن پنجاب حکومت سے آج تک ایک روپیہ نہیں ملا، محمد آصف
حزیفہ جمشید نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
لاہور:اسنوکر ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے والے قومی کیوئیسٹ محمد آصف اور محمد حسنین تاحال انعامی رقم سے محروم ہیں۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے محمد آصف کو 2 چیمپئن شپ جیتنے کی انعامی رقم نہ مل سکی۔
پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد آصف کو انعام کی مد میں کم از کم ایک کروڑ روپے ادا کیے جانے ہے جب کہ نوجوان کیوئیسٹ محمد حسنین کو انڈر 17 ورلڈ آئی بی ایس ایف ٹائٹل کیلئے 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم نہیں ملی۔
اسنوکر ورلڈ چمپئین قومی کیوئسٹ محمد آصف کا کہنا تھا کہ 2012 سے میں نے 6 مرتبہ ورلڈ چمپئین شپ اور 5 مرتبہ ایشین چمپئین شپ جیتی لیکن پنجاب حکومت سے آج تک ایک روپیہ نہیں ملا، کھلاڑیوں کو فنانشل سپورٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی سپورٹ کے لیے میری درخواست ہے، میں سپورٹ کے بغیر بھی دل و جان سے کھیلوں گا، میرا وقت گزر چکا ہے لیکن حکومتی سپورٹ نہ ملنے سے نوجوان کھلاڑی مایوس ہوتے ہیں، یہ کھیل آسان نہیں ہے،بہت مہنگا کھیل ہے۔