برسلز اور برلن کے ایئرپورٹس بھی سائبر حملوں کی زد میں ،فلائٹ آپریشنز میں خلل ، کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں
پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ،ایئرپورٹس جانے والے مسافرپہلے اپنے فلائٹ شیڈیول کی تصدیق کر لیں ، متاثرہ مسافروں کوہیتھرو ایئرپورٹ انتظامیہ کی ہدایت
ایوی ایشن رپورٹرنوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
لندن: دنیا کا مصروف ترین ہیتھروایئرپورٹ اور یورپی ممالک کے متعدد بڑے ایئرپورٹس پر نصب چیک ان اور بورڈنگ سسٹمز کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے بعد کئی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔
لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ سمیت برسلز اور برلن کے ایئرپورٹس سائبر حملے کی زد میں آئے ہیں۔
ان ایئرپورٹس کے فلائٹ آپریشنز میں خلل پیدا ہو گیا ہے جبکہ کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں۔
لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ نے سائبر حملے کے بعد ’تکنیکی مسئلے‘ کے باعث پروازوں میں تاخیر کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔
متاثرہ ایئرپورٹس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آنے سے پہلے اپنے فلائٹ شیڈیول کی تصدیق کر لیں۔
متاثرہ ہوائی اڈوں کی طرف سے ہفتہ کو شیڈول پرواز والے مسافروں کو ہوائی اڈے پر جانے سے پہلے ایئر لائنز کے ساتھ اپنے سفر کی تصدیق کرنے کا مشورہ دیا گیا
ہیتھرو ایئرپورٹ نے تاخیر سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کولنز ایرو اسپیس، جو عالمی سطح پر ہوائی اڈوں پر کئی ایئر لائنز کے لیے نظام فراہم کرتی ہے، سائبر حملے کے باعث ایک تکنیکی مسئلے کا سامنا کر رہی ہے جس کی وجہ سے مسافروں کی روانگی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
برسلز ایئرپورٹ پر حملے سے مسافروں کو چیک ان کرنے اور بورڈنگ پاس جاری کرنے والا خودکار سسٹم ناکارہ ہو گیا ہے جس کے باعث صرف مینول طریقے سے مسافروں کو یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ سائبر حملے سے ’بڑے پیمانے پر فلائٹ شیڈیول متاثر ہوا ہے اور بدقستمی سے پروازوں میں تاخیر ہو گی یا پھر منسوخ کرنا پڑیں گی۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
برلن ایئرپورٹ نے اپنی ویب سائٹ پر پیغام میں کہا کہ ’یورپ بھر میں سروس فراہم کرنے والے سسٹم میں تکنیکی مسئلے کے باعث چیک ان میں زیادہ وقت لگ رہا ہے۔ ہم اس کا جلد از جلد حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
ترجمان کے مطابق جرمنی میں فرینکفرٹ ایئرپورٹ سائبر حملے کی زد میں نہیں آیا۔