اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو پھر اسپیکر کو ہدایت ہے کہ حلف لے، پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ سنادیا
کورٹ رپورٹرنوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
پشاور:پشاور ہائیکورٹ نے گورنر خیبرپختونخوا کو کل شام 4 بجے تک نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کا حکم دے دیا، عدالت نے قرار دیا ہے کہ اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو پھر اسپیکر کو ہدایت ہے کہ حلف لے۔
پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری کے لیے دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا۔
عدالت عالیہ نے گورنر خیبرپختونخوا کو کل شام 4 بجے تک نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کا حکم دے دیا، عدالت نے قرار دیا ہے کہ اگر گورنر خیبرپختونخوا نے حلف نہیں لیا تو پھر اسپیکر کو ہدایت ہے کہ وہ حلف لیں۔
اس سے قبل نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری کے لیے دائر درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی تھی۔
پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ اور گورنرکے وکیل بیرسٹر عامر جاوید کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
پی ٹی آئی نے نومنتخب وزیراعلی سے حلف کی درخواست چیف جسٹس کو دے رکھی ہے، چیف جسٹس نے گزشتہ روز بھی درخواست پر سماعت کی تھی، عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو گورنر سے کمنٹس لیکر عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیا تھا۔