شہزادہ عالمگیر بیورو چیف نوائے وقت ڈان ٹی وی
لاہور:صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے قلمدان سونپے جانے کے بعد سول سیکرٹریٹ ،محکمہ قانون میں پہلے بریفنگ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو صہیب احمد بھرتھ نے دیگر کے ہمراہ انکو خوش آمدید کہا جبکہ سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی نے صوبائی وزیر کو محکمہ قانون کی کارکردگی، جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے تمام ضلع و تحصیل ہیڈکوارٹرز پر خواتین وکلاء کے لیے لیڈی بار رومز کے قیام کے منصوبے، مختلف اضلاع بشمول اوکاڑہ، ڈیرہ غازی خان، لودھراں، ساہیوال، مظفرگڑھ، رحیم یار خاں، حافظ آباد، بہاولنگر، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ اور نارووال میں ڈسٹرکٹ اٹارنیز آفسز کی تعمیر،ایڈووکیٹ جنرل آفس بہاولپور کی تعمیراتی پیش رفت،جوڈیشل ٹاور لاہور کی تعمیر شامل تھی جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) 2025-26 کے لیے مجوزہ نئی اسکیموں بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ اپنے خطاب میں صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ انصاف تک آسان رسائی اور قانونی انفراسٹرکچر کی بہتری پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت قانون و انصاف کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ رانا محمد اقبال خاں نے محکمہ قانون کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل، شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری، خصوصاً خواتین وکلاء کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے تاکہ وہ عدالتی نظام میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ اجلاس میں محکمہ قانون کے سینئر افسران، ایڈووکیٹ جنرل آفس کے نمائندگان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔