سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے جاری سروے پرکمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت اجلاس

رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

ساہیوال: ساہیوال ڈویژن میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے جاری سروے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کے لئے جاری سروے مکمل غیر جانبداری اور شفافیت کے ساتھ انجام دیا جائے تاکہ اصل متاثرین کی بروقت اور درست امداد ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز فیلڈ وزٹ کر کے سروے کی براہِ راست مانیٹرنگ کریں تاکہ کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت نہ ہو۔ کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے سیلاب متاثرین کے تمام تر نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران تجاوزات اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری مہم اور پیرا فورس کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ پیرا فورس تجاوزات کے خاتمے اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کردار ادا کر رہی ہے جسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پیرا فورس نے ضلع ساہیوال میں اب تک 765 مستقل اور 4300 عارضی تجاوزات کا خاتمہ کیا جبکہ مختلف خلاف ورزیوں پر 2 لاکھ 31 ہزار 500 روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز پیرا فورس کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں تاکہ عوامی مسائل کا بروقت اور مؤثر حل یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *