اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال ماہم واحد اور ایس ڈی او پیرا نعمان قیصر کی قیادت میں تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن

رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

ساہیوال:ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کی خصوصی ہدایات پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال ماہم واحد اور ایس ڈی او پیرا نعمان قیصر کی قیادت میں پیرا فورس نے عارف والا چوک، عارف والا روڈ اور گردونواح کے علاقوں میں مشترکہ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران غیرقانونی طور پر فٹ پاتھ اور سڑک پر سامان رکھنے، دکانوں کا سامان باہر رکھنے اور آمد و رفت میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات پر متعدد دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ کئی دکانداروں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ ریڑھی بانوں کو موقع پر وارننگ دیتے ہوئے واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ دوبارہ خلاف ورزی پر سامان ضبط اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسی دوران پاک پتن چوک اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بھی تجاوزات کے خلاف بھرپور ایکشن لیا گیا۔ دکانوں اور ہوٹلوں کے باہر رکھا گیا سامان ہٹایا گیا، جبکہ کئی دکانوں کو سیل اور دیگر کو وارننگ جاری کی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے کہا کہ عوامی راستے اور سڑکیں عوام کی ملکیت ہیں، ان پر کسی قسم کی تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ انتظامیہ کا مقصد صرف کارروائی نہیں بلکہ شہر کو خوبصورت اور آمد و رفت کے قابل بنانا ہے۔ ایس ڈی او پیرا نعمان قیصر نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی واضح ہدایات کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کی مہم بلاامتیاز جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام دکاندار اور ریڑھی بان از خود تجاوزات ختم کریں، ورنہ سخت قانونی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر کو تجاوزات سے پاک، صاف اور منظم بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات اور ٹریفک کا بہاؤ یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *