برطانیہ: چاقو سے حملہ کرنے کے الزام میں ٹرک سے آنے والا افغان شہری گرفتار، ’دہشت گردی کا واقعہ نہیں‘

سٹاف رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

لندن:برطانیہ کے مغربی علاقے میں چاقو سے حملہ کر کے ایک شخص کو ہلاک کرنے کے الزام میں افغان شہری کو گرفتار کیا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کا نہیں ہے۔

مشتبہ شخص افغان شہری ہے جبکہ وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ ملزم 2022 سے قانونی طور پر برطانیہ میں مقیم ایک غیر ملکی ہے۔
لندن پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ایمرجنسی سروسز نے یوکس بریج کے مغربی علاقے میں چاقو کے وار سے زخمی ہونے والے 49 سالہ شخص کو طبی امداد دی تاہم وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
بیان کے مطابق حملے میں 45 سالہ شخص شدید زخمی ہوا جبکہ 14 سالہ لڑکے کو معمولی چوٹیں آئیں۔
پولیس چیف سپرنٹنڈنٹ جل ہورسفال نےاسے ’ہولناک اور بغیر کسی وجہ کے تشدد‘ کا واقعہ قرار دیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ وہ اس حملے کو دہشت گردی کے واقعے کے طور پر نہیں دیکھ رہی اور تفتیش کر رہی ہے کہ آیا مشتبہ شخص اور متاثرہ افراد کے درمیان کوئی تعلق تو نہیں تھا۔
ہوم آفس نے بتایا کہ مشتبہ شخص 2020 میں ٹرک کے ذریعے برطانیہ آیا اور 2022 میں اسے پناہ ملی۔ وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ کسی ہوٹل یا رہائشگاہ میں مقیم نہیں تھا، جیسا کہ سوشل میڈیا پر غلط دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *