برطانیہ: بین الاقوامی سطح پر خیبر پختونخوا اور پاکستان کے لئے اعزاز: عوامی، فلاحی،اصلاحی اور قانونی خدمات کے اعتراف میں ممتاز قانون دان محمد ناصر غلزئی ایڈووکیٹ کے لئے ایوارڈ

ایوارڈ یوکرین کے چیف پراسیکیوٹر کی جانب سے برطانیہ کے تاریخی تعلیمی مرکز یونیورسٹی آف آکسفورڈ (کیبل کالج) میں منعقدہ تقریب کے دوران پیش کیا گیا

سٹاف رپورٹر نوائے وقت ،ڈان ٹی وی رپورٹ

آکسفورڈ:ایسوسی ایشن آف انٹرنیشنل لائرز (AIL) کے زیرِ اہتمام ایک پروقار بین الاقوامی تقریب میں خیبر پختونخوا، پاکستان کو دنیا بھر کی سطح پر ایک اہم انٹرنیشنل ایوارڈ نصیب ہوا۔ یہ اعزاز ممتاز قانون دان محمد ناصر غلزئی ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل AIL برائے پاکستان کو، ان کی نمایاں، عوامی، فلاحی اور اصلاحی قانونی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

یہ بیسٹ ایوارڈ یوکرین کے چیف پراسیکیوٹر کی جانب سے برطانیہ کے تاریخی تعلیمی مرکز یونیورسٹی آف آکسفورڈ (کیبل کالج) میں منعقدہ تقریب کے دوران پیش کیا گیا۔ ایوارڈ دینے کا مقصد محمد ناصر غلزئی ایڈووکیٹ کی وہ قابلِ قدر خدمات ہیں جن کے تحت نکاح نامہ میں تھیلیسیمیا ٹیسٹ اور HIV بلڈ ٹیسٹ کو شامل کروانے کے لیے مؤثر قانونی و سماجی جدوجہد کی گئی، جو صحت مند معاشرے اور آئندہ نسلوں کے تحفظ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

تقریب میں شریک بین الاقوامی ماہرینِ قانون، سفارتی شخصیات اور معزز مہمانوں نے اس اقدام کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال قرار دیا۔

اس موقع پر محمد ناصر غلزئی ایڈووکیٹ نے یہ بین الاقوامی ایوارڈ خیبر پختونخوا بار کونسل، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ضلعی بار ایسوسی ایشنز کے نام منسوب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد وکلاء برادری خصوصاً نوجوان وکلاء کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ بھی عوامی خدمت، قانونی اصلاحات اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعزاز ان کی ذات نہیں بلکہ خیبر پختونخوا اور پاکستان کی پوری وکلاء برادری کا اعزاز ہے، اور وہ آئندہ بھی قانون کی بالادستی، عوامی صحت کے تحفظ اور بین الاقوامی قانونی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

یہ تقریب آکسفورڈ یونیورسٹی کے تاریخی اور علمی ماحول میں منعقد ہوئی، جس نے اس بین الاقوامی اعزاز کو مزید وقار اور یادگار بنا دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *