سٹاف رپورٹر ڈان ٹی وی ، نوائے وقت
چاغی:پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے تانبے اور سونے کے ایک مائننگ منصوبے پر حملہ کیا ہے جس میں نجی کمپنی کے ملازمین سمیت دس افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں ایک غیر ملکی باشندہ بھی شامل ہے۔
یہ حملہ ضلع چاغی کے ضلعی ہیڈکوارٹر دالبندین سے تقریباً 120 کلومیٹر دور علاقے دریگون میں واقع نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) کی مائننگ سائٹ پر کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں سوار چالیس سے زائد مسلح افراد نے سائٹ پر مختلف اطراف سے حملہ کیا۔ چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال کے علاوہ راکٹ کے گولے بھی داغے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک مقامی انتظامی افسر نے تصدیق کی کہ حملے میں دس افرا دہلاک ہوئے جن میں سات مزدور اور تین سکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔
انتظامی افسر کے مطابق غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ مسلح افراد کچھ ملازمین کو بھی یرغمال بناکر لے گئے ہیں۔