عمر ایوب 24 اور 26 نومبر کو پرتشدد احتجاج کے متعدد مقدمات میں ملزم نامزد ہیں
کورٹ رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
راولپنڈی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) نے 26 نومبر 2024 کے احتجاج کے 14 مقدمات میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی ضمانت خارج کردی۔
عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت نے ضمانت ملزم اور وکیل صفائی کی غیر حاضری پر خارج کی۔
منگل کے روز اے ٹی سی راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، اس دوران ملزم اور اس کا وکیل غیر حاضر تھے، فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزم عمر ایوب کی 14 مقدمات میں ضمانت خارج کرتے ہوئے عمر ایوب کو گرفتار کرکے پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف راولپنڈی اور اٹک میں 24 اور 26 نومبر 2024 کے پر تشدد احتجاج کے الزام پر مقدمات درج ہیں۔