شہرت کا شوق ،امریکا میں نیا تنازع: پاسپورٹ پر صدر ٹرمپ کی تصویر شامل کرنے کا فیصلہ

مستقبل میں ڈالر کے نوٹوں پر ٹرمپ کے دستخط شامل ،پہلے زندہ صدر ہوں گے جن کی تصویر سفری دستاویز پر شائع کی جائے گی

پرویز انور ڈان ٹی وی ، نوائے وقت

واشنگٹن:امریکا میں ایک غیر معمولی اور متنازع اقدام سامنے آیا ہے جس کے تحت ایک محدود ایڈیشن پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس پر موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر اور ان کے سنہری دستخط شامل ہوں گے۔ یہ اعلان امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا کہ وہ امریکہ کی 250ویں سالگرہ کی مناسبت سے محدود تعداد میں یادگاری پاسپورٹ جاری کرنے کی تیاری کر رہا ہے،
جن پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر ہوگی۔ اگر ایسا ہوا تو وہ پہلے زندہ صدر ہوں گے جن کی تصویر سفری دستاویز پر شائع کی جائے گی۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس خصوصی پاسپورٹ کا تصور، جس میں ٹرمپ کی سنجیدہ چہرے والی تصویر کا خاکہ بھی شامل ہے، کئی ماہ سے زیر غور تھا اور بالآخر اس کی منظوری دے دی گئی۔

ان نئے پاسپورٹس 25 ہزار سے 30 ہزار تک کی تعداد میں واشنگٹن ڈی سی کے پاسپورٹ دفتر میں امریکہ کے یوم آزادی 4 جولائی سے کچھ پہلے درخواست دہندگان کے لیے دستیاب ہوں گے۔ حکام کے مطابق یہ یادگاری پاسپورٹ واشنگٹن کے دفتر میں ذاتی طور پر درخواست دینے والوں کے لیے دستاویز ہوگا ۔
واشنگٹن میں ایک تقریب کے دوران اس نئے پاسپورٹ کا نمونہ پیش کیا گیا، جس میں ٹرمپ کی تصویر آزادی کے اعلامیے کے پس منظر کے ساتھ دکھائی گئی۔

ایک اور ڈیزائن میں بانیانِ امریکا کی تاریخی پینٹنگ شامل کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ خصوصی پاسپورٹ محدود مدت کے لیے صرف دارالحکومت میں دستیاب ہوگا اور اس کے حصول کے لیے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔

اس اعلان نے سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل کو جنم دیا ہے۔ حزبِ اختلاف کے رہنماؤں نے اس اقدام کو صدر کی ذاتی تشہیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی وسائل کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنا جمہوری اقدار کے خلاف ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ دنیا کی جمہوریتوں میں شاذ و نادر ہی کسی موجودہ سربراہِ حکومت کی تصویر پاسپورٹ پر شامل کی جاتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک اپنے پاسپورٹس میں قدرتی مناظر، تاریخی ورثہ یا قومی علامات کو نمایاں کرتے ہیں۔ حتیٰ کہ بعض سخت گیر ممالک بھی اپنے رہنماؤں کی تصاویر کے بجائے قومی شناخت کی دیگر علامتوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ موجودہ امریکی پاسپورٹ میں بھی چاند پر انسان کے قدم رکھنے کا منظر اور مجسمۂ آزادی جیسی علامات شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *