کینیڈا؛ ایئر انڈیا کے پائلٹ کو نشے کی حالت میں پرواز سے اُتار دیا گیا،ماضی میں پاکستانی جنرل کے پائلٹ بیٹے کو بھی مانچسٹر میں پولیس نے بہت زیادہ نشے کی وجہ سے پی آئی اے کی پرواز اڑانے سے روک دیا تھا

فرحان اختر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

وینکوور:ایئر انڈیا کے پائلٹ کو نشے کی حالت میں ہونے کی وجہ سے پرواز سے نکال دیا

کینیڈا کے شہر وینکوور میں ایئر انڈیا کی ایک بین الاقوامی پرواز اس وقت تاخیر کا شکار ہو گئی جب ٹیک آف سے قبل ایک پائلٹ کو نشے کی حالت میں ہونے کے شبے میں طیارے سے اتار دیا گیا۔

جب ایئر انڈیا کی پرواز AI186 روانگی کی تیاری کر رہی تھی۔ ایئرپورٹ پر موجود عملے کے ایک رکن نے پائلٹ کو شراب خریدتے ہوئے دیکھا۔

عملے کے رکن نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی اور اطلاع ملنے پر کینیڈین حکام نے پائلٹ کا معائنہ کیا۔

پائلٹ سے شراب کی بُو محسوس ہونے پر اس کا بریَتھ اینالائزر ٹیسٹ کیا گیا جس میں وہ مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتر سکا۔

حکام نے صورتحال کو مسافروں کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے پائلٹ کو مزید تفتیش کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا۔

ایئر انڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ ایئرلائن کے حفاظتی ضوابط کے مطابق فوری طور پر متبادل پائلٹ کا انتظام کیا تاہم نئے پائلٹ کی تعیناتی میں وقت لگنے کے باعث پرواز تاخیر سے روانہ ہوئی۔

ترجمان کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ان کے نتائج سامنے آنے تک مذکورہ پائلٹ کو عارضی طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا۔

ایئر انڈیا نے اس بات پر زور دیا کہ مسافروں کی حفاظت ایئرلائن کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *