کچھ تو ہےجس کی پردہ داری ہے:نو مئی کیس میں علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ، جج کا میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکالنے کا حکم

ممحمد اظہر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی 2023 کے ایک مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ خان کا ہفتے کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

لاہور پولیس نے جمعے کو شیر شاہ خان کو حراست میں لیا تھا۔

انہیں آج انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل کے سامنے پیش کیا گیا۔

ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت میں دلائل دیے کہ پولیس عمران خان کی بہن علیمہ خان کی فیملی کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ ’دو دن پہلے شاہ ریز کو گھر سے گرفتار کر کے 27 ماہ بعد نو مئی کے مقدمے میں نامزد کر دیا گیا۔ اب ان کے چھوٹے بھائی شیر شاہ کو جھوٹے مقدمے میں ملوث کر دیا گیا ہے۔‘

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ ’جناح ہاؤس حملہ کیس میں علیمہ خان بھی بے گناہ ثابت ہو چکی ہیں، لہذا ملزم کو بھی اس مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے۔‘

پولیس کے تفتیشی افسر آصف جاوید نے عدالت کے سامنے ویڈیو پیش کی اور موقف اپنایا کہ ملزم نو مئی 2023 کو جناح ہاؤس حملے میں ملوث ہیں اور وہ اپنے کزن حسان نیازی کے ساتھ مشتعل مظاہرین کو جلاؤ گھراؤ پر اکساتے رہے۔

جج منظر علی گل نے ریمانڈ کی درخواست پر سماعت سے قبل میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ’میڈیا کا کوئی بھی نمائندہ کمرہ عدالت میں نہیں ہو گا۔‘ جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے تمام میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *