شوبز رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
لندن:’سپر اسٹار‘ اداکارہ ماہرہ خان نے رومانٹک کامیڈی فلم ’لو گُرُو‘ کی پروموشن کے دوران لندن میں پیش آنے والے ہراسانی کے واقعے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
لندن میں پیش آنے والے ہراسانی کے واقعے پر ماہرہ خان نے کہا کہ وہ عام طور پر خود کو سنبھال سکتی ہیں اور کبھی کسی کی مدد کی ضرورت محسوس نہیں کی، لیکن اُس لمحے انہوں نے خود کو خاصا غیر آرام دہ محسوس کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اُس موقع پر انہوں نے پیچھے مڑ کر ہمایوں کو دیکھا، جس پر ہمایوں سعید نے فوری طور پر مداخلت کی اور صورتحال کو قابو میں کیا۔
ہمایوں سعید نے بھی اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر میرے سامنے میری بہن یا کوئی بھی خاتون ایسی صورتحال میں ہو تو میں ضرور آگے بڑھ کر اُس کا دفاع کروں گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لندن میں فلم ’لو گُرُو‘ کی پروموشن کے دوران ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا، جب ایک پروموشنل تقریب میں ناقص انتظامات اور بھیڑ کے باعث دھکم پیل ہوئی، جس کے نتیجے میں ماہرہ خان کو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔