نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام تربیتی ورکشاپ کا انعقاد، پنجاب سے 25 سے زائد ملرز کی شرکت

زین طاہر چوہدری سٹاف رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

ساہیوال:نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام خوردنی تیل کی کوالٹی کنٹرول و فورٹیفیکیشن پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد، پنجاب بھر سے 25 سے زائد ملرز کی شرکت، مائیکرونیوٹرینٹس کی کمی دور کرنے کے لیے انڈسٹری کے بھرپور تعاون کا اظہار۔ تفصیلات کے مطابق نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام خوردنی تیل کی کوالٹی کنٹرول اور کوالٹی ایشورنس کے حوالے سے ایک جامع تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے خوردنی تیل کے ملرز کی فورٹیفیکیشن سے متعلق مہارتوں اور فنی علم میں اضافہ کرنا تھا۔ تربیتی سیشن میں 25 سے زائد ملرز نے شرکت کی جنہیں صنعت کے ماہرین، سائنس دانوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ماہرین کی زیرِ قیادت فورٹیفیکیشن، کوالٹی کنٹرول، ریگولیٹری تقاضوں اور جدید جانچ کے طریقہ کار کے حوالے سے عملی تربیت دی گئی۔تربیتی ورکشاپ کی قیادت جنرل مینجر (کوالٹی) یونائیٹڈ انڈسٹریز فیصل آباد نعیم انجم نے بطور لیڈ ٹرینر کی جنہوں نے شرکاء کو خوردنی تیل کی فورٹیفیکیشن کے جدید تقاضوں اور معیار پر تفصیلی بریفنگ دی۔محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کے فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد شہباز نے پاکستان میں مختلف مائیکرونیوٹرینٹس کی کمی کے چیلنجز اور ان کے حل کے طور پر فورٹیفائیڈ خوردنی تیل کے کردار پر سیر حاصل گفتگو کی۔اس موقع پر صوبائی پروگرام مینجر عزیزالرحمن نے “ملرز فار نیوٹریشن (M4N)” منصوبے کی تفصیلات پیش کیں اور فورٹیفیکیشن کے عمل کو بہتر بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔تقریب کے مہمانِ اعزاز ڈائریکٹر فاطمہ ویجیٹیبل آئل ملز محمد حزیفہ نوید نے پاکستان وناسپتی مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (PVMA) کی نمائندگی کرتے ہوئے نیوٹریشن انٹرنیشنل کے اقدامات کو سراہا اور فورٹیفیکیشن پروگرام میں انڈسٹری کی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔یہ ورکشاپ نہ صرف خوردنی تیل کے معیار کو بہتر بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے بلکہ پاکستان میں مائیکرونیوٹرینٹس کی کمی جیسے اہم مسئلے سے نمٹنے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *