پشاور ہائی کورٹ نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو صوبائی اسمبلی کی 25 مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کا حلف لینے کے لیے نامزد کر دیا
سٹاف رپورٹرنوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
پشاور:پشاور ہائی کورٹ نے اتوار کے روز گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو صوبائی اسمبلی کی 25 مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کا حلف لینے کے لیے نامزد کر دیا۔
دوسری جانب صوبائی اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم سواتی نے آج کورم ٹوٹنے کی وجہ سے اجلاس ملتوی کر دیا، جس کے باعث حلف برداری نہ ہو سکی اور خدشہ پیدا ہو گیا کہ کل (پیر کو) سینیٹ الیکشن ملتوی ہو جائے۔
مخصوص نشستوں میں منتخب اراکین نے گذشتہ ہفتے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست جمع کروائی تھی کہ ان کا حلف لینے کے لیے عدالت کسی کو نامزد کرے۔
پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے اتوار کو اس درخواست پر سماعت کی، جہاں درخواست گزاروں کے وکیل عامر جاوید نے استدعا کی کہ ہائی کورٹ نے گذشتہ سال مخصوص نشستوں پر آنے والے اراکین سے حلف لینے کا حکم دیا تھا لیکن ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا۔
جس کے بعد ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں پر آنے والے اراکین سے حلف لینے کے لیے گورنر کو نامزد کردیا۔ عدالتی مراسلے کے مطابق اراکین سے آئینی تقاضوں کے مطابق جلد از جلد حلف لیا جائے۔