بیوروچیف نوائے وقت ،ڈان ٹی وی
پشاور:امین الرحمان یوسفزئی صدر، پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن،نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، خیبر پختونخوا کی قانونی برادری کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں ، بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف اور کمانڈر الیون کورپس، پشاور کی ان انتہائی مشکل حالات میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دینے پر دلی تحسین و تشکر کا اظہار کیا گیا ہے۔
بار کے مطابق، خراب ترین امن و امان کی صورتحال کے باوجود ہماری بہادر افواج نے اپنے مورچے سنبھالے رکھے۔ الیون کورپس کے کمانڈر کی عزم و ہمت اور انتھک محنت بے حد قابلِ تحسین ہے۔
بار ایسوسی ایشن کے معزز اراکین نے قیامِ امن کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی مکمل تائید اور حمایت کا اعادہ کیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ملک میں امن کے قیام کے لیے مسلح افواج کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔
مزید برآں، بار نے مؤدبانہ درخواست کی ہے کہ جب راستے عام ٹریفک کے لیے کھولے جائیں تو معزز وکلاء اور عام شہریوں کی نقل و حرکت طور پل، بگان، اور بالشخیل ایف سی چیک پوسٹوں سے بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے یقینی بنائی جائے۔
بروقت اور بلا تعطل آمدورفت نہ صرف وکلاء کے پیشہ وارانہ وقار کے لیے ضروری ہے بلکہ عوامی مفاد اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو بھی بہتر بنائے گی۔
پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کو یقین ہے کہ کرم میں عدالتی نظام کی مکمل بحالی کے لیے انتظامی سطح پر فوری اقدامات کیے جائیں گے۔