مہکاں پنجابی ادبی بورڈ ساہیوال کے زیرِ اہتمام دو روزہ “مہکاں آزادی میلہ ، معروف شخصیات ، ممتاز شعراء ،گلوکاروں کی شرکت

رانا وحید بیوروچیف نوائے وقت،ڈان ٹی وی

ساہیوال: مہکاں پنجابی ادبی بورڈ ساہیوال کے زیرِ اہتمام دو روزہ “مہکاں آزادی میلہ بھرپور ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے بعد اختتام پذیر ہوا۔ میلے میں اہلِ قلم، شعرا، فنکاروں، طلبہ اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
میلہ “مادری زبان، وطن تے ثقافت” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے شروع ہوا۔ صدارت پیر احسان الحق ادریس نے کی جبکہ مہمان خصوصی محمد ارشد ملک ایم پی اے اور سابق وزیر مملکت مہر غلام فرید کاٹھیا تھے۔ مقررین پروفیسر محمد اقبال عابد اور رانا حماد افضل نے کہا کہ مادری زبان اور ثقافت کی ترویج قومی شناخت کے لیے ناگزیر ہے۔ اس سیشن کے سٹیج سیکرٹری اختر خان تھے۔
اسی روز دوسرے سیشن میں مرحوم شاعر رفیق راجی کو “اکھراں دا خراج” پیش کیا گیا۔ معروف شاعر رامش منہاس نے صدارت کی اور پروفیسر رفیق شاہد بھٹہ مہمانِ خصوصی تھے۔ اس نشست میں ڈاکٹر مشتاق عادل، خضر محسن، فاروق اظہر اور علی شیر جتوئی نے مرحوم شاعر کے فن اور شخصیت پر اظہارِ خیال کیا۔ نظامت شوکت کاٹھیا نے کی۔
دوسرے روز کا پہلا سیشن تقسیم ایوارڈ پر مشتمل تھا جس کی صدارت شہزاد خان وسیر نے کی۔ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ساہیوال مہمان خصوصی اور ڈائریکٹر ایجوکیشن تنویر احمد چودھری مہمانِ اعزاز تھے۔ عثمان پھلروان، شوکت رفتہ، شہزاد نسیم اور اللہ دتہ آسی کی کتابوں پر ایوارڈ دیے گئے۔ پنجابی صحافت کا ایوارڈ دلاور سلطان ڈھکو کو جبکہ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ معروف مصور عبد المتین کو پیش کیا گیا۔
اسی روز دوسرے سیشن میں ایک شاندار مشاعرہ ہوا جس کی صدارت معروف پنجابی شاعر مہر الطاف بھروانہ نے کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نیاز احمد مغل اور ڈاکٹر ماہم احد مہمانانِ خصوصی تھے جبکہ جعفر انجم جٹیانہ مہمانِ اعزاز تھے۔ فلک شیر نوید، محمود امجد ہرل، عارف بلوچ، اکرم ناصر، فدا بخاری، بدر سیماب اور دیگر نامور شعرا نے اپنا کلام سنایا اور سامعین سے زبردست داد سمیٹی۔ مشاعرے کے اختتام پر ڈاکٹر مشتاق عادل نے مہمانان اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
میلے کا آخری سیشن لوک موسیقی کی محفل پر مشتمل تھا جس میں معروف لوک فنکار عارف حسین لونے والا نے اپنے فن کا جادو جگایا۔ حاضرین کی بڑی تعداد نے لوک دھنوں پر جھومتے ہوئے محفل کو یادگار بنا دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *