رانا وحید بیوروچیف نوائے وقت ڈان ٹی وی
ساہیوال:کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء ہمارے ہیرو ہیں۔قابل تحسین ہیں وہ خاندان جن کے سپوتوں نے عوام کے جان و مال کی حفاظت میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے یہ بات یوم شہداء پولیس کے موقع پر شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں ممبران صوبائی اسمبلی نوید اسلم خان لودھی، پیر ولائت شاہ کھگہ اور رانا ریاض احمد، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ڈی پی او رانا طاہر الرحمن، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، پولیس افسران،سول سوسائٹی،انجمن تاجران،علماء،صحافی اور شہدا کی فیملیز نے شرکت کی۔تقریب کے شرکاء کی جانب سے پولیس شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر کے دروازے شہداء کے خاندانوں کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر الرحمن نے کہا کہ قوموں کی سلامتی شہداء کے خون کے باعث ممکن ہوتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے نوید اسلم خان لودھی نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں اور ہمیں ان پر ناز ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا ان کے خاندان اور پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں۔اس سے پہلے کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔