شہزادہ عالمگیر بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
لاہور:ٹھوکر نیاز بیگ لاہور کی یونین کونسل 110 میں ترقیاتی اسکیموں کے آغاز کے حوالے سے اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر اور ایم این اے و صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حلقے کی ترقی کے لیے دو سو کروڑ روپے کے فنڈز لائے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نیاز بیگ کی ہر گلی پختہ کی جائے گی اور علاقے میں ترقی کا جال بچھایا جائے گا۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ سڑکیں، اسکول اور کالجز کی تعمیر صرف مسلم لیگ (ن) کے دور میں ممکن ہوئی ہے۔ ٹھوکر نیاز بیگ کے بچوں کو اسپورٹس فنڈز وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فراہم کیے، اور ایک سال کے اندر پنجاب بھر میں 100 اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے گئے جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ میں 40 کروڑ کی لاگت سے اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا گیا اور سرکاری سکول کو اپ گریڈ کیا گیا۔
ایم این اے و صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالا تو معیشت بحران میں تھی، مگر آج ملکی معیشت ترقی کر رہی ہے اور پاکستان مضبوط ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور ہمیں ایسی قیادت چاہیے جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کرے۔
اجتماع میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، لوکل باڈی اراکین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عوام نے ترقیاتی منصوبوں کے اعلان پر خوشی اور جوش و خروش کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔