وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری کے مطابق فیری سروس کا آغاز کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں سے کیا جائے گا، تاریخ کا اعلان نہیں کیا
سٹاف رپورٹرنوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
کراچی:پاکستان نے پہلی بار ایک بین الاقوامی فیری آپریٹر، سی کیپرز (Sea Keepers) کو ایران اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک کے لیے فیری سروس لائسنس جاری کر دیا ہے۔
سی کیپرز پرائیویٹ لمیٹڈ جدید، پائیدار اور مؤثر سمندری انجینئرنگ، ڈیزائن اور سپلائی چین کے حل فراہم کرتا ہے اور اس کا عالمی نیٹ ورک پاکستان، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور چین میں دفاتر پر مشتمل ہے۔
حکومت پاکستان کی اجازت کے تحت یہ کمپنی اب پاکستان کو ایران اور خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک سے جوڑنے والے بحری راستوں پر مسافر فیری سروس شروع کر سکتی ہے۔
وفاقی وزارتِ بحری امور کی طرف سے پیر کو جاری ایک اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کی بحری شعبے میں بڑی پیش رفت ہے۔
حکومت کے مطابق نئی فیری سروس سے ہر سال لاکھوں مسافروں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے، خصوصاً ان زائرین کو جو ایران اور عراق کا سفر کرتے ہیں جبکہ خلیجی ممالک جانے والے محنت کشوں اور سیاحوں کے لیے بھی یہ ایک سہل اور موثر سہولت ہو سکتی ہے۔