رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال:ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کی خصوصی ہدایت پر پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی ٹیم نے ایس ڈی او نعمان قیصر کی قیادت میں 90 نوایل بازار اور عارفوالا روڈ پر بڑے پیمانے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران 90 نوایل میں قائم غیر قانونی اتوار بازار، تھڑے، تندور اور دیگر ڈھانچوں کو ہٹا دیا گیاجبکہ عارفوالا پل کے اطراف اور عارفوالا روڈ پر لگے بڑے بڑے غیر قانونی تھڑوں اور ریڑھیوں سمیت عارضی و مستقل تجاوزات کو بھی ختم کروا دیا گیا۔ سڑکوں پر قبضہ ختم ہونے کے بعد ٹریفک کی روانی بہت بہتر ہونے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ایس ڈی او نعمان قیصر نے کہا کہ تجاوزات شہر کے حسن کو متاثر کرنے اور عوام کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے کا بڑا سبب ہیں اورپیرا فورس روزانہ کی بنیاد پر ایسے علاقوں کی نشاندہی کر رہی ہے جہاں قبضہ مافیا دوبارہ ڈیرے ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔جس پر ہر بار سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی سہولت اور شہر کی خوبصورتی کے لیے بلا امتیاز آپریشن جاری رہیں گے تاکہ سڑکیں مکمل طور پر آمدورفت کے لیے کھلی رہیں۔