سٹاف رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
لندن:بغیر ڈرائیور کے چلنے اور روبوٹیکسی کہلانے والی اسمارٹ گاڑیاں متعارف کرانے والی اولین کمپنی ویمو اگلے برس سے برطانوی دارالحکومت لندن کی سڑکوں پر بھی اپنی ڈرائیورلیس ٹیکسیاں متعارف کرا دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
ویمو (Waymo) کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ روبوٹیکسیاں متعارف کرانے والی یہ پہلی کمپنی عام صارفین کو ‘ڈرائیورلیس رائیڈز‘ کی فراہمی کی اپنی سروس کو اب بین الاقوامی سطح پر توسیع دینا چاہتی ہے اور اس کا اگلا بزنس ٹارگٹ لندن ہے، جہاں یہ منصوبہ متوقع طور پر 2026ء میں عملی صورت اختیار کر لے گا۔
ویمو کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس کی بغیر ڈرائیور کے چلنے والی گاڑیاں برطانوی دارالحکومت کی سڑکوں پر چلانے کا تجرباتی مرحلہ اگلے چند ہفتوں میں شروع ہو جائے گا۔
ابتدائی طور پر تاہم ان گاڑیوں میں ‘سیفٹی ڈرائیور‘ کے طور پر ایک ماہر ڈرائیور اس لیے سٹیئرنگ وہیل کے پیچھے بیٹھا ہوا ہو گا کہ کسی بھی غیر متوقع صورت حال کا مقابلہ کیا جا سکے۔