سٹاف رپورٹرنوائے وقت
اسلام آباد:پاکستان کی وفاقی کابینہ نے انڈیا کے خلاف بنیان مرصوص آپریشن کے بعد آرمی چیف عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔
اسلام آباد میں منگل کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کی ’کامیابی‘ پر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی۔
اس حوالے سے وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حکومت پاکستان کی جانب سے معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس میں کہنا تھا کہ ’چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مثالی جرآت اور عزم کے ساتھ پاک فوج کی قیادت کی اور مسلح افواج کی جنگی حکمتِ عملی اور کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا۔‘
اس کے علاوہ بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا ہے۔