انٹرنیشنل رپورٹر نوائے وقت + ڈان ٹی وی رپورٹ
تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بدھ کے روز ایک بیان میں واضح کیا کہ ان کا ملک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تہران سے کیے گئے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال دینے کے مطالبے کو قبول نہیں کرے گا۔
خامنہ ای کا یہ بیان بدھ کی شام ایران کے سرکاری ٹی وی پر ایک نیوز اینکر نے پڑھ کر سنایا۔ اسرائیل کی جانب سے جمعے کے روز ایران پر بمباری شروع کیے جانے کے بعد یہ خامنہ ای کا پہلا باضابطہ ردعمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر نہ تو امن مسلط کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی جنگ۔
آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا، ’’سمجھدار لوگ جو ایران، ایرانی قوم اور اس کی تاریخ کو جانتے ہیں، وہ اس قوم سے دھمکی آمیز زبان میں بات نہیں کرتے کیونکہ ایرانی قوم کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گی۔‘‘
انہوں نے مزید خبردار کیا، ’’امریکا کو معلوم ہونا چاہیے کہ کسی بھی فوجی مداخلت کا جواب ایسا نقصان ہو گا، جس کی تلافی ممکن ہی نہیں ہو گی۔‘‘