جعفر ایکسپریس پر ایک بار پھر بم حملہ، چار بوگیاں پٹڑی سے اُتر گئیں

نمائندہ نوائے وقت + ڈان ٹی وی رپورٹ

جیکب آباد :کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین ایک بار پھر حملے کا نشانہ بن گئی تاہم اس بار خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے۔
حکام کے مطابق بدھ کی صبح جعفر ایکسپریس پر بلوچستان سے ملحقہ سندھ کے ضلع جیکب آباد میں اس وقت بم حملہ کیا گیا جب وہ ریلوے سٹیشن سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر تھی۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے مسافر ٹرین کی چار بوگیاں پٹڑی سے اُتر گئیں مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایس ایس پی جیکب آباد صدام خاصخیلی نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ’دھماکہ خیز مواد ریلوے لائن پر نصب کیا گیا تھا ٹرین کے قریب پہنچنے پر دھماکہ ہوا۔‘ ان کے مطابق حملے میں تمام مسافر محفوظ رہے۔
ایس ایس پی کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔
سکھر ریلوے کنٹرول کے مطابق دھماکے سے ریلوے لائن کو بھی نقصان پہنچا ہے اور جائے وقوعہ پر گڑھا بن گیا ہے۔ ریلوے کی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں جو بم ڈسپوزل سکواڈ کی کلیئرنس کے بعد بحالی کا کام شروع کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *