سٹاف رپورٹر نوائے وقت + ڈان ٹی وی رپورٹ
لندن :امریکی فوج کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کو تباہ کرنے کی کوشش کے بعد لی گئی سیٹلائٹ تصاویر تہران کی جوہری تنصیبات کو نمایاں نقصان دکھاتی ہیں لیکن وہ نقصان اس حد تک نہیں ہے جتنا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا۔
تصاویر میں زمین پر ہونے والا نقصان دکھائی دیتا ہے جن میں نئے گڑھے، پہاڑی چوٹیوں پر سوراخ اور منہدم سرنگیں شامل ہیں تاہم اس بات کا قطعی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا کہ زیرزمین مضبوط قلعہ بند تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا تھا کہ جوہری تنصیبات ’مکمل طور پر اور مکمل طریقے سے تباہ کر دی گئی ہیں۔‘
انہوں نے کہا: ’سب سے بڑا نقصان زمین کے نیچے گہرائی میں ہوا۔ عین درمیان میں نشانہ۔‘
امریکی فوج نے اتوار کی علی الصبح ’آپریشن مڈ نائٹ ہیمر‘ کے تحت فردو، نطنز اور اصفہان میں جوہری تنصیبات پر حملہ کیا۔