معروف مزاحیہ فنکار کے کینیڈا میں کھلنے والے ریسٹورنٹ ’کیپس کیفے‘ پر جمعرات کی صبح فائرنگ کا واقع پیش آیا
فرحان اختر نوائے وقت, ڈان ٹی وی رپورٹ
سرے / کینیڈا:انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق معروف مزاحیہ فنکار کپل شرما کے کینیڈا میں کھلنے والے ریسٹورنٹ ’کیپس کیفے‘ پر جمعرات کی صبح فائرنگ کا واقع پیش آیا ہے جس میں کم از کم نو گولیاں چلائی گئیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق جرمنی میں مقیم ’خالصتانی دہشت گرد‘ اور ببر خالصہ انٹرنیشنل ( بی کے آئی) کے کارندے ہرجیت سنگھ لڈّی نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
انڈیا کی نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی کی سب سے مطلوب فہرست میں شامل لڈّی نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کی وجہ کپل شرما کے کامیڈی شو کا ایک پرانا خاکہ ہے جس میں مبینہ طور پر نہنگ سکھوں کا مذاق اڑایا گیا تھا۔
انڈین میڈیا کے ذرائع کے مطابق، لڈّی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ انہوں نے اور ان کے ساتھیوں نے کپل شرما کے منیجر سے معافی کے لیے رابطہ کرنے کی کوشش کی، لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کپل شرما نے عوامی معافی نہ مانگی تو اس کے نتائج ہوں گے۔
تاہم تاحال کپل شرما کی جانب سے فائرنگ کے اس واقعے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔