فارغ التحصیل طلباء معاشرے میں امن، خدمت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے سفیر ثابت ہوں گے،ڈاکٹر مجید ایبل
رانا وحید نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
گوجرانوالہ: پریسبیٹیرین چرچ گوجرانوالہ کے تھیولوجیکل سیمنری کیمپس میں سیمنری کے فارغ التحصیل طلباء کے اعزاز میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔ تقریب کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری، قیادت، خدمت اور امن کے پیغام کو فروغ دینا تھا۔ نظامت چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر مجید ایبل نے انجام دی۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی سماجی اور اخلاقی تربیت وقت کی ضرورت ہے۔ فارغ التحصیل طلباء مستقبل میں نہ صرف گرجا گھروں میں خدمات انجام دیں گے بلکہ معاشرے میں امن، خدمت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے سفیر بھی ثابت ہوں گے۔
صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ حکومت پنجاب، وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں اقلیتوں کی تعلیم، ترقی، مذہبی آزادی اور نمائندگی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اقلیتوں کو بااختیار بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔
انہوں نے فارغ التحصیل طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں کو مذہب کے ساتھ ساتھ سماجی قیادت کی تربیت دینا ایک عظیم قدم ہے۔ انہوں نے پریسبیٹیرین چرچ کی تعلیمی و روحانی خدمات کو سراہا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں کلیسیاؤں کے کردار کو اہم قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر تمام فارغ التحصیل طلباء کے لیے اجتماعی دعا کی گئی جبکہ ملک پاکستان کی سلامتی، ترقی، بین المذاہب رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔