ساہیوال کارپوریشن کے افسروں کی پشت پناہی، سرکاری واش روم پر قبضہ، ریڑھیوں اور مافیا کی اجارہ داری، انتظامیہ خاموش

رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ،ٹی وی

ساہیوال:ساہیوال کارپوریشن کے افسروں کی پشت پناہی پر چرچ روڈ پر سرکاری واش روم پر قبضہ، ریڑھیوں اور مافیا کی اجارہ داری عوام کو سہولت کے بجائے مشکلات، انتظامیہ خاموش ۔کمشنر ساہیوال سے نوٹس لینے کا مطالبہ ساہیوال چرچ روڈ پر شہریوں کے لیے بنائے گئے سرکاری واش روم پر قبضہ مافیا اور ریڑھی بانوں نے ڈیرہ ڈال لیا ہے۔ واش روم کے آگے سبزی اور پھلوں کی ریڑھیاں کھڑی ہونے کے باعث عوام کو سہولت میسر نہیں اور واش روم تقریباً بند ہو کر رہ گیا ہے۔مقامی صحافی رانا بلال نے بتایا کہ حکومت نے لاکھوں روپے خرچ کر کے عوام کی آسانی کے لیے یہ سہولت فراہم کی تھی لیکن اب یہ قبضہ گروپ مافیا کی نذر ہو چکی ہے۔ ایک مقامی دکاندار نے بتایا کہ “روزانہ سینکڑوں لوگ واش روم کے بند ہونے کی وجہ سے پریشان ہوتے ہیں، لیکن کوئی ان ریڑھی والوں کو ہٹانے والا نہیں۔”شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ بلدیاتی ادارے اور انتظامیہ اس صورتحال پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، جس سے بدانتظامی اور عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک رہائشی نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ “یہاں خواتین اور بزرگوں کو سب سے زیادہ تکلیف ہوتی ہے، لیکن انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔”
اہلِ علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر قبضہ ختم کر کے واش روم کو فعال بنایا جائے تاکہ شہری بنیادی سہولت سے محروم نہ رہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *