رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
پاکپتن:تحصیل عارفوالہ کے گاؤں 151ای بی گرلز مڈل سکول وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی توجہ کا منتظر، سکول کے سامنے کھلا جوہڑ موت کا کنواں نہ بن جائے۔ تفصیلات کے مطابق گاؤں 151ای بی میں محکمہ تعلیم اور انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث معصوم بچیوں کی زندگیاں داؤ پر لگ سکتی ہیں۔ گورنمنٹ گرلز مڈل سکول کے بالکل سامنے واقع وسیع و عریض جوہڑ کسی بھی وقت بڑے انسانی المیے کا سبب بن سکتا ہے۔گاؤں کے گرلز سکول کے سامنے واقع یہ جوہڑ نہ صرف گندے پانی کا ذخیرہ ہے بلکہ اس کی گہرائی اور سکول سے قربت نے والدین اور اساتذہ کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر رکھا ہے۔ سکول کے اوقات میں بچیاں اسی راستے سے گزرتی ہیں، جہاں حفاظتی دیوار نہ ہونے کے باعث کسی بھی وقت کوئی بچہ اس جوہڑ میں گر سکتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے یہ جوہڑ ہمارے بچوں کے لیے ‘موت کا جال’ نہ بن جائے چھوٹی بچیاں نادانی میں کھیلتے ہوئے یا بارش کے دنوں میں پھسلن کی وجہ سے اس جوہڑ میں گرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔ اہلیانِ گاؤں نے 151/ای بی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب صوبائی وزیر تعلیم سیکرٹری تعلیم پنجاب کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈپٹی کمشنر پاکپتن اور اسسٹنٹ کمشنر عارف والا سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ جوہڑ کے گرد فوری طور پر مضبوط چاردیواری (باؤنڈری وال) تعمیر کی جائے یا اس جوہڑ کو ختم کر کے یہاں کوئی پارک یا مفید منصوبہ بنایا جائے تاکہ گندگی اور خطرے کا خاتمہ ہو سکے۔