کینیڈا میں چھوٹا طیارہ ہائی جیک، فضائی حدود بند کر کے پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا

فرحان اختر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

وینکوور: کینیڈا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شمار ہونے والے وینکوور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی فضائی حدود میں اُس وقت ہنگامی صورتِ حال پیدا ہوگئی جب ایک چھوٹا طیارہ اچانک فضا میں چکر کاٹنے لگا جس کے باعث کئی پروازوں کو لینڈنگ سے روک دیا گیا اور بعض کو دیگر ایئرپورٹس کی جانب موڑ دیا گیا۔
سی این این کے مطابق یہ ایک چھوٹے سائز کا طیارہ تھا جو عموماً تربیتی مقاصد کے لیے وکٹوریا انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں استعمال ہوتا تھا، تاہم منگل کو اس طیارے نے اچانک اُڑان بھری اور 40 میل شمال کی جانب وینکوور کی طرف روانہ ہوگیا اور وینکوور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حدود میں چکر کاٹنے لگا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ایک ریکارڈنگ میں سنا جا سکتا ہے کہ کنٹرولر دیگر طیاروں کو خبردار کر رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’ہمارے پاس ایک طیارہ ہے جو ہائی جیک ہو چکا ہے اور ایئرپورٹ کے قریب گردش کر رہا ہے، احتیاط کے طور پر تمام پروازوں کو مکمل اختیار دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی خیر و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل اختیار کریں۔‘
دوسری طرف مقامی لوگوں نے بھی ایئرپورٹ کے اطراف میں انتہائی کم بلندی پر طیارے کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا جبکہ ایئر ٹریفک کنٹرول نے دیگر طیاروں کو راستہ بدلنے کی ہدایات دیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *