شہزادہ عالمگیر بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
لاہو:2025ء۔سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے ایشیا کے پہلے بلائنڈکرکٹ سٹیڈیم کی تکمیل اور حوالگی کے حوالے سے ای لائبریری اینڈ یوتھ سنٹر نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا،جس میں صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے ڈویژنل سپورٹس آفیسرلاہور تنویر عباس شاہ اورچیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سلطان شاہ نے بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم رکھ جھیڈو کی حوالگی کی دستاویزات پر دستخط کئے اور فائلز کا تبادلہ کیا، اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال اور ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری، بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کی ونر ٹیم، وومن بلائنڈ کرکٹ ٹیم، تمام ریجنز کی بلائنڈٹیمیں ویگربھی موجود تھے۔
اس موقع پرصوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے وزیراعلی پنجاب کی طرف سے بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے ڈیڑھ سالہ دور میں آج سب سے بڑی خوشی کا دن ہے، ہم بھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو دعوت دیتے ہیں کہ پاکستان آئے نئے سٹیڈیم میں کھیلے اور انشاء اللہ پاکستان دوبارہ ٹرافی جیتے گا،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ایشیاء کا پہلا بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم 14کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے۔صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزیدکہا ہے کہ بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم کا کریڈٹ کوئی اور صوبہ اور ملک نہ لے سکا، صوبہ پنجاب نے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔
سیکرٹری سپورٹس مظفرخان سیال نے تقریب سے ویلکم ایڈریس کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور، ملتان اور پنڈی میں پیڈل ٹینس کورٹ بننے جارہے ہیں تاہم بلائنڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں دیگر خصوصی بچے بھی کھیل سکیں گے۔اس کے علاوہ لاہور میں ہی پاکستان کا پہلا بیس بال گراؤنڈ،والی بال کمپلیکس اور پیڈل ٹینس کورٹ تعمیر کرنے جارہے ہیں جبکہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی ہرممکن مدد کرتا رہے گا۔چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ یہ سٹیڈیم نہ صرف بلائنڈ کرکٹرز کے لیے ایک محفوظ، جدید اور مکمل سہولیات سے آراستہ مقام فراہم کرے گا، بلکہ یہ اقدام پاکستان کو اس شعبے میں عالمی سطح پر ممتاز کرے گا۔ انہوں نے پنجاب اسپورٹس بورڈ کی پوری ٹیم کو اس تاریخی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب میں سیاسی رہنما رانا فیصل حیات،ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر شاہ نے شرکت کی ہے۔