رانا وحید بیوروچیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال: ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال محبوب رشید نے ڈی پی او آفس ساہیوال میں کرائم میٹنگ کی صدارت کی، جس میں ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر رحمٰن خان سمیت ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، اور انچارج برانچز نے شرکت کی۔
میٹنگ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کی روک تھام، زیر التواء مقدمات کی پیش رفت، اشتہاری ملزمان، عدالتی مفروران، اور منشیات فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آر پی او ساہیوال نے ہدایت کی کہ تمام تھانوں کی سطح پر کرائم کنٹرول کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو ترجیح دی جائے اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔
آر پی او ساہیوال نے واضح کیا کہ افسران فیلڈ میں متحرک کردار ادا کریں اور پٹرولنگ، چیکنگ، اور نائٹ ڈیوٹی کے نظام کو بہتر بنائیں تاکہ عوام الناس میں تحفظ کا احساس مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور مقدمات کی بروقت اور میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جائے۔
ٹریفک امور پر گفتگو کرتے ہوئے آر پی او ساہیوال نے کہا کہ کم عمر ڈرائیونگ، ون ویلنگ، بغیر نمبر پلیٹ اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنے کے لیے تعلیمی اور آگاہی مہمات چلائی جائیں تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کی کارکردگی عوامی اعتماد سے مشروط ہے، لہٰذا ہر افسر کا فرض ہے کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری، فرض شناسی اور خلوص نیت سے سرانجام دے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کیا جا سکے