برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے زمین کے ریکارڈ اور پاسپورٹ کی ڈیجیٹل سروسز کا آغاز

سٹاف رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

لندن:برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے زمین کے ریکارڈ اور پاسپورٹ کی ڈیجیٹل سروسز کا آغاز کر دیا گیا۔ یہ سہولت برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

وفاقی حکومت نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے زمین کے ریکارڈ اور پاسپورٹ پروسیسنگ کی ڈیجیٹل خدمات کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ اقدام لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےمتعارف کرایا۔

یہ سہولت برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جو رقوم کی منتقلی، کاروبار اور ثقافتی تعلقات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں مگر پاکستان میں جائیداد کی خرید و فروخت، منتقلی اور تنازعات کے حل میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔
’لینڈ ریکارڈ سروس‘ کے ذریعے برطانیہ میں مقیم پاکستانی پنجاب میں اپنی جائیدادوں کے ریکارڈ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

یہ پلیٹ فارم آن لائن سیل ڈیڈز، فرد یا ریکارڈ آف رائٹس، ای گرداوری، انتقال اور دستاویزات کی تصدیق جیسی خدمات فراہم کرے گا۔ تمام ریکارڈ بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ بنایا گیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور جعل سازی روکی جا سکے۔

ابتدائی طور پر لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں لینڈ سروسز ڈیسک قائم کیا گیا ہے جب کہ مستقبل میں یہ سہولت برطانیہ میں دیگر پاکستانی قونصل خانوں تک بھی بڑھائی جائے گی۔

اسی دوران ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ’ون ونڈو پاسپورٹ پروسیسنگ سسٹم‘ کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت پاسپورٹ کی درخواست کے تمام مراحل ایک ہی کاؤنٹر پر مکمل ہوں گے۔

یہ نظام پروسیسنگ کا وقت کم کر کے تقریباً 10 منٹ فی درخواست کر دے گا جس سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت، شفافیت اور رش میں کمی کی سہولت ملے گی۔

اسحاق ڈار نے ان اقدامات کو ’سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ڈیجیٹل چھلانگ‘ قرار دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *