رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
قصور:عظیم صوفی شاعر حضرت بابابلھے شاہؒ کے سالانہ 268ویں عرس کے موقع پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ ، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں ،اراکین صوبائی اسمبلی محمد نعیم صفدر انصاری اور چوہدری احسن رضا نے مزار اقدس حضرت بابابلھے شاہؒ پرحاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک پاکستان کی خیر خواہی اور سلامتی کے لیے دعا کی ۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ بابا بلھے شاہؒ کی شاعری امن ، محبت کا پیغام دیتی ہے اور عالمگیری حیثیت رکھتی ہے۔ قصور کی دھرتی کو بابابلھے شاہؒ کے وجہ سے دنیا میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ بابابلھے شاہؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے امن ومحبت کا جو پیغام دیا ہے وہ انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمداحمد خاں نے کہاکہ بابابلھے شاہؒ برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی شاعر ہیں جن کا کلام موجودہ دور کے لیے بھی اصلاح کا ذریعہ ہے۔ بابابلھے شاہؒ نے اُس وقت کے نظام کو چیلنج کیا اور انسانیت کو سب سے بڑا مذہب قرار دیا۔ حاجی نعیم صفدر انصاری نے اس موقع پر کہاکہ حضرت بابابلھے شاہؒ کے مزار کا قصور میں ہونا اہل قصور کے باعث برکت ہے۔ اُن کی تعلیمات کو ہمیں مشعلِ راہ بنانا چاہیے۔ حضرت بابابلھے شاہؒ کی شاعری ہر دور کے لیے فکری تقاضوں کے لیے قابلِ تقلید ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ ، ممبرز صوبائی اسمبلی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری ،چوہدری احسن رضا، اے ڈی سی جی سلمون ایوب ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن تابندہ سلیم ،منیجراوقاف طارق محمود نجمی اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے ۔