رانا وحید بیوروچیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال: ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ریلیف سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ساتھ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید اور ایس ڈی ای او پیرا فورس نعمان قیصر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنراورپیرا فورس کے انچارج نعمان قیصر نے 58/AGD، اورنگ آباد، نورن سنپال، بہاول فتیانہ، نور حسن دربار اور گلو کے کاٹھیا سمیت مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپس میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور طبی امداد کے اسٹاک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ ریلیف کیمپس میں مقیم افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔ ڈپٹی کمشنراور پیرا فورس کے انچارج نعمان قیصر نے متاثرین سیلاب میں کھانا بھی تقسیم کیا اور ان سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود اور نعمان قیصر کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کی خدمت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔