اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے مہینوں میں آٹے کی شدید قلت اور مزید مہنگائی ہو سکتی ہے، انتباہ
سٹاف رپورٹر نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ
لاہور:فلور ملز مالکان نے کہا ہے کہ گندم کے مصنوعی بحران کی ذمہ دار پنجاب حکومت خود ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے گندم اور آٹے کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندی نے ملک بھر میں مصنوعی بحران کو جنم دیا ہے، جس سے آٹے کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
مالکان نے پنجاب حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے سیکشن 144 کے تحت گندم اور متعلقہ مصنوعات کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندی لگا کر مصنوعی بحران پیدا کیا ہے۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم اے) ساؤتھ زون نے مؤقف اختیار کیا کہ اس طرح کی پابندیاں گندم کی ڈیریگولیشن پالیسی کے خلاف ہیں اور آئین کے آرٹیکل 151 کی خلاف ورزی ہیں، جو صوبوں کے درمیان اشیا کی آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دیتا ہے۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ صوبائی سطح پر ایسی رکاوٹیں بالآخر پورے ملک میں بحران پیدا کرتی ہیں۔