پی سی بی کے خط کے بعد انڈیا کے کرکٹ بورڈ نے حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کی ’اشتعال انگیز حرکات‘ کی شکایت کر دی

اظہر چوہدری نوائے وقت ، ڈان ٹی وی رپورٹ

دبئی:انڈیا کے کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان دبئی میں کھیلے گئے میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کے رویے پر باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔
بی سی سی آئی نے اس حوالے سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ویڈیو شواہد بھی جمع کرائے ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
انڈین خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا اور اخبار’ ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق، انڈین ٹیم نے میچ ریفری سے کہا کہ صاحبزادہ فرحان اور حارث رؤف نے ’اشتعال انگیز اور نامناسب‘ حرکات کیں، جو کھیل کی روح کے منافی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فاسٹ بولر حارث رؤف انڈین تماشائیوں کی جانب سے مسلسل ’کوہلی، کوہلی‘ کے نعروں پر بار بار ردعمل دیتے رہے۔
انہوں نے بارڈر لائن پر فیلڈنگ کے دوران اور سنجو سیمسن کی وکٹ لینے پر کئی مرتبہ لڑاکا طیارے کی نقل اتاری اور ایک موقع پر ’6-0‘ کا اشارہ بھی دکھایا۔ اسی میچ میں اوپنر صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد ’گن فائر‘ کا جشن منایا تھا۔

ماضی میں سابق انڈین کپتان مہندر سنگھ دھونی بھی کھیل کے دوران اس قسم کا انداز اپنا کر خوشی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔
بی سی سی آئی کا مزید کہنا ہے کہ حارث رؤف نے انڈین بلے بازوں شبھمن گل اور ابھشیک شرما کے ساتھ میدان میں تلخ کلامی بھی کی، جس پر بورڈ نے سخت اعتراض اٹھایا ہے۔ ایک انڈین عہدیدار کے مطابق ’ایسی حرکات کھیل کی روح کے خلاف ہیں۔ ہم نے اس بارے میں پائی کرافٹ کو نہ صرف شکایت درج کرائی ہے بلکہ دونوں کھلاڑیوں کی ویڈیوز بھی ساتھ بھیجی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *