شرکاء نے عوامی ایکشن کمیٹی کے حق اور آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومت کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے
سٹاف رپورٹر،نمائندگان نوائے وقت ، ڈان تی وی ،اوکے ٹی وی رپورٹ
لندن:عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج برطانیہ تک پھیل گیا، عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر مطالبات کے حق میں لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن، بریڈفورڈ ، برمنگھم اور بریڈ فورڈ میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر ایکشن کمیٹی کے حق میں برٹش کشمیریوں کا احتجاج میں پاکستانی قونصل آفس کے باہر اوورسیز کشمیریوں نے بڑی تعداد میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شریک شرکاء نے عوامی ایکشن کمیٹی کے حق اور آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومت کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی مشکلات اور بنیادی حقوق کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ مظاہرین نے آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ بیرون ملک رہنے کے باوجود اپنے وطن کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس جدوجہد میں عوامی ایکشن کمیٹی کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ کشمیری عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ تاکہ مزید بے چینی اور احتجاج کی نوبت نہ آئے۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر غور نہ کیا گیا تو احتجاجی سلسلہ مزید وسیع کیا جائے گا۔