بیوروچیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے صوبے کے ٹیلنٹ پر فخر ہے جو اپنی کامیابیوں سے نہ صرف صوبے کا سافٹ امیج اجاگر کررہے ہیں بلکہ ملک و قوم کے عزت و وقار میں بھی اضافہ کر رہا ہیں،
ان خیالات کا اظہارانہو ں نے ہفتہ کے روز گورنرہاوس پشاور میں ”فخرِ پختونخوا ایوارڈز2025“کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی نثار باز، چیئرمین انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا فرزند علی وزیر، جمشید خان، ڈاکٹر حمزہ جمشید،نبیل آفریدی، حاجی وحدت خان، سیاسی وسماجی شخصیات،فنکار،ڈاکٹرز، انجینئرز،شعراء وادباء سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے شرکت کی۔گورنرنے اس موقع پر شعبہ تعلیم، طب، انجینئرنگ، کھیل، سیاست، صحافت، وکالت، امن، ادب،پولیس، موسیقی، سماجی سرگرمیوں سمیت دیگر شعبوں میں بہترین مہارت اور خدمات کا مظاہرہ کرنے پر60 نوجوانوں کو فخرپختونخوا ایوارڈ سے بھی نوازا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ممتاز شخصیات کوگورنرہاؤس میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ”فخرِ پختونخوا ایوارڈز“ دراصل باصلاحیت اور محنتی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک خوبصورت ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابیوں اور خوشیوں کو بانٹنے سے یہ مزید بڑھتی ہیں اور ایسی تقریبات صوبے کے مثبت اور پرامن تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔