کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کا سیمن پروڈکشن یونٹ قادرآباد کا دورہ ، کارکردگی جائزہ اجلاس منعقد

رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ڈان ٹی وی

ساہیوال:کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے سیمن پروڈکشن یونٹ قادرآباد کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ادارے کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عبد الروف، ڈپٹی ڈائریکٹر اور متعلقہ افسران و عملہ شریک تھے۔ اجلاس کے دوران سیمن پروڈکشن یونٹ کی کارکردگی، لیبارٹری اور سٹوریج سہولیات کے ساتھ ساتھ سیمن کی تیاری کے خودکار (آٹومیٹک) اور دستی (مینول) نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کو نیلی راوی، ساہیوال کیٹل بیل اور داھانی بیل کی نسلوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات بھی دیں۔ بعد ازاں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے لائیو سٹاک ایکسپیریمنٹ اسٹیشن قادرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اعلیٰ نسل کے جانوروں کی افزائش، چارہ، ونڈا اور دیکھ بھال کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے نئی نسل کے جانوروں کی افزائش کے نظام اور سہولیات کو سراہا اور عملے کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ دورے کے دوران شجرکاری مہم کے تحت کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے سیمن پروڈکشن یونٹ کے لان میں پودا بھی لگایا اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ جدید سائنسی بنیادوں پر لائیو سٹاک کی ترقی سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے جس سے نہ صرف کسانوں کی آمدن بڑھے گی بلکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *