شہزادہ عالمگیر بیوروچیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
قصور:صوبائی وزیر قانون/ کنوینئر ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی قصور کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس قصور کے کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم این اے ملک رشید احمد خان، ایم این اے شیخ سعد وسیم، ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری محمد الیاس خان، چوہدری محمود انور، محمد نعیم صفدر انصاری اور چوہدری احسن رضا خان سمیت ضلع کے تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی نے ضلع کی مجموعی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں، اور انتظامی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈی پی او قصور نے امن و امان کی صورتحال، جرائم کے انسداد اور شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ سی ای او ہیلتھ نے صحت عامہ کی سہولیات، اسپتالوں کی کارکردگی، ویکسینیشن مہمات اور ماں و بچے کی صحت کے پروگراموں پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اسی طرح سی ای او ایجوکیشن نے تعلیم کے فروغ، اسکولوں کی بہتری، اساتذہ کی حاضری اور معیارِ تعلیم میں بہتری کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں “سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال پروگرام” کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایکسئین ہائی ویز اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ نے ضلع بھر میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں عوامی فلاح، امن و استحکام، اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی اسکیمیں مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں اور تمام محکمے آپس میں باہمی رابطہ مزید مضبوط کریں۔ انہوں نے ایکسیئن ہائی وے کو ہدایت کی کہ اسکیموں میں شامل لسٹیں متعلقہ ایم پی ایز کو ارسال کی جائیں اور
سڑکوں کی تعمیر ایم پی ایز کی مشاورت سے شامل کی جائے جبکہ
کوٹ رادھا کشن روڈ کا پیچ ورک 15 روز میں مکمل کیا جائے ۔
رانا محمد اقبال خان ایکسین لیسکو کو کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، تاہم عام آدمی کی بجلی فراہمی ہرگز متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے ڈی ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی کہ قانون کی مکمل عملدرآمد یقینی بنائ جائے اور ٹریفک کی روانی کو جاری رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ صوبائی وزیر قانون پنجاب نےواضح کیا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی (DCC) عوامی خدمت، شفاف حکمرانی اور ترقیاتی عمل کی نگرانی جاری رکھے گی جبکہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی وژنری قیادت میں صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ اجلاس میں ممبران نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کو اطمینان بخش قرار دیا۔ اجلاس میں ڈی ایچ او ہیلتھ، ایس این جی پی ایل، ایل ڈبلیو ایم سی، انہار، ریسکیو 1122، ریونیو، واپڈا، ایگری کلچر، انوائرمنٹ، سماجی بہبود اور دیگر محکموں کے نمائندگان کے علاوہ اے سیز قصور، چونیاں، پتوکی اور کوٹ رادھا کشن بھی موجود تھے۔