اوول سپورٹس کمپلیکس فوڈ سٹریٹ بنے گی،کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل

رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

ساہیوال: کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے شہریوں کے لیے عوام دوست منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوول سپورٹس کمپلیکس کو اپ گریڈ کرکے ایک خوبصورت فوڈ سٹریٹ میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کی زیرِ صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اے سی جنرل غلام حسین بھٹی، اے سی ساہیوال ماہم واحد اور ڈپٹی ایم ڈی واسا عدنان گل سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اوول کمپلیکس میں ٹف ٹائلز لگائی جائیں گی، فینسی لائٹس نصب کی جائیں گی اور شام کے اوقات میں اس مقام کو وہیکل فری زون قرار دیا جائے گا تاکہ شہری پرسکون ماحول میں تفریح کا لطف اٹھا سکیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ گراؤنڈ کے داخلی راستوں کو خوبصورت انداز میں تیار کیا جائے جبکہ بجلی کی تاروں کو انڈر گراؤنڈ کیا جائے تاکہ منصوبہ جدید اور محفوظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ساہیوال کے شہریوں کو تفریح اور صحت مند سرگرمیوں کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *