پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بدترین انتظامی بحران ، ایف آئی اے اور نیب کے مقدمات زیر التوا،میر طارق حسین مسوری اہداف کے برعکس اقدام کرنے لگا، شہزادہ عالمگیر کے شدید تحفظات

رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی

لاہور:سابق انٹرنیشنل ہاکی پلیئر شہزادہ عالمگیر نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی موجودہ صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کھیل ہاکی کو بدترین انتظامی بحران کا سامنا ہے اور وزیر اعظم پاکستان و پیٹرن ان چیف پاکستان ہاکی فیڈریشن میاں محمد شہباز شریف کے واضح احکامات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
شہزادہ عالمگیر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے میر طارق حسین مسوری کو بطور ایڈہاک صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن اس لیے تعینات کیا تھا تاکہ ادارے میں شفاف سکروٹنی، فری اینڈ فیئر الیکشن اور نئی منتخب باڈی کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے، مگر عملی طور پر ان اہداف کے برعکس اقدامات سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں اس وقت ایسے افراد موجود ہیں جن پر ایف آئی اے کی 113 آڈٹ پیراز اور نیب کے مقدمات زیر التوا ہیں، اور ان حالات میں کسی بھی قسم کی سکروٹنی یا انتخابی عمل کو شفاف نہیں کہا جا سکتا۔
سابق انٹرنیشنل ہاکی پلیئر نے مطالبہ کیا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ایسا سربراہ مقرر کیا جائے جو ہاکی کے کھیل، کھلاڑیوں کے مسائل اور بین الاقوامی تقاضوں سے بخوبی آگاہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ نااہل اور متنازع انتظامیہ کی موجودگی نے پاکستان ہاکی کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا ہے۔
شہزادہ عالمگیر نے وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی کہ وہ قومی کھیل ہاکی کے معاملات کا فوری نوٹس لیں، موجودہ سیٹ اپ ختم کر کے ایڈہاک لگا کر تین رکنی غیر جانبدار کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں سکروٹنی اور انتخابات میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مکمل کیے جا سکیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اصلاحی اقدامات نہ کیے گئے تو پاکستان ہاکی کی بحالی مزید مشکل ہو جائے گی، جس کا خمیازہ براہِ راست کھلاڑیوں اور قومی تشخص کو بھگتنا پڑے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *