رانا وحید نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
شیخوپورہ : صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے چاند باغ سکول، شیخوپورہ میں منعقدہ فاؤنڈر ڈے 2026 کی سالانہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ جس میں سکوارڈن لیڈر (ر) محمد عبدالنعیم خان، پرنسپل چاند باغ سکول،صدر چاند باغ فاؤنڈیشن ڈاکٹر عثمان خان جیلانی، سی ای او عامر فاروق خان، چیف فنانشل آفیسر جمیل الرحمان، مس فرح،
فیکلٹی ممبران، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فاؤنڈر ڈے کی تقریب میں طلبہ کی تعلیمی، تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ سائنس اور آرٹس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے مختلف منصوبے، ماڈلز اور تخلیقی پراجیکٹس پیش کیے جن میں جدید سائنسی تحقیق، جدت پر مبنی خیالات اور فنونِ لطیفہ کے شاندار نمونے شامل تھے۔صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چاند باغ سکول کی تعلیمی خدمات کو سراہا اور کہا کہ فاؤنڈر ڈے ادارے کی علمی روایت اور مستقبل کی تعمیر کا عکاس دن ہے۔ انہوں نے طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے پیش کردہ پروجیکٹس ان کی ذہانت، تخلیقی صلاحیتوں اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔صوبائی وزیر قانون نے مزید کہا کہ قوم کا اصل سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں۔ جدید تعلیم، تحقیق اور مواقع فراہم کرکے ہم ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ اور انتظامیہ کی کوششوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور طلبہ کو تلقین کی کہ وہ مزید محنت، لگن اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں تاکہ ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اعزازی شیلڈز اور اسناد سے بھی نوازا گیا۔