رانا وحید بیورو چیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال:انٹرنیشنل ہاکی پلیئر شہزادہ عالمگیر نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی سے مطالبہ کیا ہے کہ ماضی میں پاکستان ہاکی کے نامور اولمپینز پر عائد کی گئی تاحیات پابندیوں کا از سرِ نو جائزہ لیا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا سے تعلق رکھنے والے ہاکی حلقوں کے نمائندہ طاہر اے رانا کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو لکھے گئے ایک خط کا حوالہ دیتے ہوئے شہزادہ عالمگیر نے کہا کہ جب پاکستان ہاکی شدید بحران کا شکار ہے، ایسے وقت میں صدر محی الدین احمد وانی کی تقرری ہاکی سے محبت رکھنے والوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کمیونٹی کو توقع ہے کہ موجودہ قیادت ماضی کی غلطیوں کو درست کرتے ہوئے کھیل کے وقار کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کی تاریخ میں بعض ایسے فیصلے بھی ہوئے جنہوں نے کھیل اور کھلاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ ماضی میں چند اولمپینز پر عائد کی گئی تاحیات پابندیاں آج بھی کھیل کے حلقوں میں سوالیہ نشان بنی ہوئی ہیں۔ ان پابندیوں کی وجہ سے مرحوم اولمپین نوید عالم اور راؤ سلیم ناظم جیسے نامور کھلاڑی اس دنیا سے رخصت ہوئے تو ان کے دلوں میں یہ دکھ موجود تھا کہ ان کی خدمات کے باوجود ان کے ساتھ انصاف نہیں ہوا۔
شہزادہ عالمگیر نے کہا کہ اسی طرح رشید الحسن جو 1984 لاس اینجلس اولمپکس میں پاکستان کے گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم کے رکن رہے، آج بھی پابندی کا سامنا کر رہے ہیں۔ حالانکہ انہوں نے ہمیشہ کھلاڑیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ حالیہ دنوں میں جب قومی ٹیم کے کھلاڑی مالی مشکلات کا شکار تھے تو رشید الحسن نے اپنے اولمپک گولڈ میڈل کو نیلام کرنے کی پیشکش بھی کی تاکہ اس رقم سے کھلاڑیوں کی مدد کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اگر فیڈریشن ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے باضابطہ معذرت کرے تو یہ ایک تاریخی قدم ہوگا جس سے نہ صرف کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ پاکستان ہاکی کی ساکھ بھی مضبوط ہوگی۔