رانا وحید بیوروچیف نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
پاکپتن : بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے 783 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کے چوتھے روز بہشتی دروازہ کی قفل کشائی کی سعادت کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل اور ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال محبوب رشید نے حاصل کی۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ اولیائے کاملین نے برصغیر پاک و ہند میں دینِ اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ حضرت بابا فریدالدین گنج شکرؒ کی تعلیمات امن، رواداری، عجز و انکساری، انسان دوستی اور زہد و تقویٰ کا حسین نمونہ ہیں، جن کی روشنی آج بھی دنیا کو راہِ ہدایت فراہم کر رہی ہے۔ آر پی او ساہیوال محبوب رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ اولیائے کرام نے محبت، اخوت اور انسانیت کے آفاقی پیغام کو فروغ دیا۔ حضرت بابا فریدؒ کی خانقاہ نے ہر دور میں خلقِ خدا کو روحانی سکون، اصلاحِ نفس اور دینی رہنمائی فراہم کی۔ ان بزرگ ہستیوں نے علم، عمل اور اخلاص کے ذریعے لاکھوں دلوں کو بدل ڈالا۔ بہشتی دروازہ کی قفل کشائی کے بعد کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل اور آر پی او محبوب رشید نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور ملکی ترقی و سلامتی کی دعا کی۔اس موقع پر صحن درگاہ میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔