رانا وحید بیورو چیف، نوائے وقت ، ڈان ٹی وی
ساہیوال: کمشنر ساہیوال شاہد محمود نے زیر تعمیر ماڈل ایگریکلچر مال کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو بلا تاخیر مکمل کیا جائے تاکہ کسان جلد اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں۔ منصوبہ اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ایگری مال کی تعمیر انہی کوششوں کا تسلسل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماڈل ایگریکلچر مال کی تکمیل سے کاشتکاروں کو ایک ہی چھت تلے معیاری زرعی ادویات، کھاد اور بیج میسر ہوں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل، اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ رانا اورنگزیب، ایکسین بلڈنگ فتح محمد وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو، ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر جاوید بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ایکسین بلڈنگ فتح محمد وٹو نے تعمیراتی کام کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔